سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا گوجرانوالہ میں ریلی کے شرکاءسے خطاب

106

گوجرانوالہ ۔11 اگست (اے پی پی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام ووٹ دیتے ہیں اور دوسرے نکال کر باہر پھینک دیتے ہیں، پاکستان کی تقدیر بدلنے تک نہ خود چین سے بیٹھوں گا اور نہ آپ کو چین سے بیٹھنے دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گوجرانوالہ میںریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فقید المثال استقبال پر گوجرانوالہ کے عوام کا مشکور ہوں، یہ پیار محبت زندگی بھر نہیں بھولوں گا، گوجرانوالہ کے باسی مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں اور میں بھی آپ سے بہت پیار کرتا ہوں، میں لاہور گھر جا رہا تھا، گوجرانوالہ والوں نے یہاں روک لیا۔ انہوں نے کہا کہ ججوں کی بحالی کیلئے جب مارچ کیا تو گوجرانوالہ پہنچنے پر جج بحال ہونے کا اعلان ہو گیا، یہ مبارک شہر ہے۔ عوام کے نعروں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ آئی لو یو ٹو، عوام نے نواز شریف کو وزیراعظم بنایا انہوں نے نکال دیا، عوام نواز شریف کو دوبارہ وزیراعظم بنائیں گے، یہ میرا مقصد نہیں ہے، میرا عوام کے سامنے یہ مقدمہ ہے کہ ملک کے مالک 20 کروڑ عوام ہیں یا نہیں ہیں، مجھے کس بات پر نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روشنیاں واپس آ رہی تھی، لوڈ شیڈنگ ختم ہو رہی تھی، سستی بجلی آ رہی تھی، ملک ترقی کر رہا تھا، بے روزگاری کا خاتمہ ہو رہا تھا، دنیا مان رہی تھی کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے، تجارت بڑھنے لگی تھی، ملک میں موٹرویز اور شاہراہیں بن رہی تھیں، ملک میں امن قائم ہو رہا تھا، یہ مجھ کو راس نہیں آیا، ان لوگوں کو برداشت نہیں ہوا، یہ سوچا گیا کہ نواز شریف کامیاب ہو گیا تو آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی ان کی ہے