سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی لندن میں میڈیا سے گفتگو

لندن ۔ 4 جولائی (اے پی پی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ چند روز تک محفوظ رکھا جائے، میں کمرہ عدالت میں کھڑا ہو کر خود فیصلہ سننا چاہتا ہوں، میری اہلیہ 21 روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں، آج ان کا آپریشن ہوا ہے اور امید ہے کہ وہ ہوش میں آ جائیں گی، میں عوامی نمائندہ ہوں، بزدلی کا مظاہرہ …

لندن ۔ 4 جولائی (اے پی پی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ چند روز تک محفوظ رکھا جائے، میں کمرہ عدالت میں کھڑا ہو کر خود فیصلہ سننا چاہتا ہوں، میری اہلیہ 21 روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں، آج ان کا آپریشن ہوا ہے اور امید ہے کہ وہ ہوش میں آ جائیں گی، میں عوامی نمائندہ ہوں، بزدلی کا مظاہرہ نہیں کروں گا، فیصلہ میرے خلاف یا حق میں آئے لیکن پاکستان ضرور جاﺅں گا، میں ایک مشن پر ہوں اور مشن کی تکمیل کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہوں، سب سے بڑا فیصلہ قوم کا ہے اور قوم کا فیصلہ ملک کی تقدیر بدل دے گا، اس فیصلے کی گونج ابھی سے سنائی دے رہی ہے۔ بدھ کو لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ میری اہلیہ 21 روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں، آج ان کا آپریشن ہوا ہے اور امید ہے کہ وہ ہوش میں آ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں 21 کروڑ عوام کا نمائندہ ہوں کوئی آمر نہیں کہ ڈر کر بھاگ جاﺅں، میں ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت ایون فیلڈ ریفرنس میں فیصلہ چند روز تک محفوظ رکھے، میں پاکستان آ کر کمرہ عدالت میں کھڑا ہو کر فیصلہ سننا چاہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ میرے خلاف یا حق میں آئے لیکن پاکستان ضرور جاﺅں گا۔ ایک سوال کے جواب میں محمد نواز شریف نے کہا کہ وہ ایک مشن پر ہیں اور مشن کی تکمیل کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔