سابق وزیر مملکت حاجی محمد اکرم انصاری اور ایم این اے بیرسٹر راجا دانیال احمد کا فیصل آباد میں آزاد کشمیر انتخابات کیلئے قائم پولنگ اسٹیشن کا دورہ
سابق وزیر مملکت حاجی محمد اکرم انصاری اور ایم این اے بیرسٹر راجا دانیال احمد کا فیصل آباد میں آزاد کشمیر انتخابات کیلئے قائم پولنگ اسٹیشن کا دورہ

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 02 اگست (اے پی پی):آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں فیصل آباد میں حلقہ ایل اے۔34 جموں ون اور حلقہ ایل اے۔42کشمیر ویلی تھری کے لیے پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے جہاں ووٹرز اپنے حق رائے دہی کاآزادانہ طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سابق وفاقی وزیر مملکت اور سابق رکن قومی اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری اور رکن قومی اسمبلی بیرسٹر راجا دانیال احمد نے کوتوالی روڈ پر واقع گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول میں قائم پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ انہوں نے انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا اور پولنگ کے پرامن اور منظم انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے حلقہ ایل اے۔34 جموں ون اور حلقہ ایل اے۔42کشمیر ویلی تھری کے لیے قائم مرد و خواتین کے پولنگ اسٹیشنوں کا معائنہ کیا اور پولنگ کے عمل، سکیورٹی انتظامات، ووٹرز کی سہولت اور مجموعی انتخابی ماحول کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پریذائیڈنگ افسران، پولنگ عملے اور متعلقہ انتظامی حکام سے ملاقات کی اور پولنگ کے انتظامات اور انتخابی عمل کی پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر حاجی محمد اکرم انصاری اور بیرسٹر راجا دانیال احمد نے انتخابی عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد، شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات جمہوری نظام کی مضبوطی اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے انتخابی عملے، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پولنگ کا عمل اسی نظم و ضبط کے ساتھ مکمل ہوگا اور انتخابی نتائج عوامی رائے کی حقیقی ترجمانی کریں گے۔ بعد ازاں دونوں رہنما کارکنوں اور شہریوں کے ہمراہ اپنے انتخابی کیمپ پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے انتخابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے پرامن اور جمہوری ماحول کو برقرار رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔







