لندن۔28نومبر (اے پی پی):ٹور ڈی فرانس اور اولمپک کے سابق چیمپئن جیرینٹ تھامس کو آئی نیوس گرینیڈئرز کا نیا ڈائریکٹر آف ریسنگ مقرر کر دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق 39 سالہ ویلز کے سائیکلسٹ نے رواں سال ستمبر میں اپنے شاندار اور طویل کیریئر کو الوداع کہا تھا۔جیرینٹ تھامس نے اس تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم ابتدا سے ہی میرا گھر …
سابق ٹور ڈی فرانس چیمپئن جیرینٹ تھامس آئی نیوس گرینیڈئرز کے نئے ڈائریکٹر آف ریسنگ مقرر

مزید خبریں
لندن۔28نومبر (اے پی پی):ٹور ڈی فرانس اور اولمپک کے سابق چیمپئن جیرینٹ تھامس کو آئی نیوس گرینیڈئرز کا نیا ڈائریکٹر آف ریسنگ مقرر کر دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق 39 سالہ ویلز کے سائیکلسٹ نے رواں سال ستمبر میں اپنے شاندار اور طویل کیریئر کو الوداع کہا تھا۔جیرینٹ تھامس نے اس تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم ابتدا سے ہی میرا گھر رہی ہے، اور یہ نیا کردار میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ۔
میں نے ساتھی رائیڈرز اور عملے سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب چاہتا ہوں کہ اپنی شاندار کامیابیوں کو مستقبل میں مزید آگے بڑھاؤں۔آئی نیوس کے اہم رہنما سر ڈیوڈ بریلزفورڈ نے جیرینٹ تھامس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جیرینٹ حقیقی معنوں میں گرینیڈئر ہونے کی علامت ہے۔ اس نے ہمیشہ اعلیٰ کارکردگی کو اپنا معیار بنایا اور بڑے اہداف حاصل کیے۔
آئی نیوس نے 2025 میں 28 فتوحات حاصل کیں، جو 2024 کے مقابلے میں بہتر کارکردگی ہے، تاہم ٹیم 2021 میں ایگان برنال کی گیروڈی ڈی اٹالیا جیت کے بعد سے کسی گرینڈ ٹور میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔جیرینٹ تھامس نے 2018 میں ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس جیتی تھی اور اپنے کیریئر میں تین مرتبہ مزید گرینڈ ٹور پوڈیم پر پہنچے۔ انہوں نے کرس فروم اور سر بریڈلی وِگنز کی کامیابیوں میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، جس دور میں ٹیم اس تاریخی ریس پر تقریباً ایک دہائی تک غالب رہی۔
سر ڈیوڈ بریلزفورڈ نے ان کی تقرری کو ٹیم کے لیے قیمتی اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھامس اعلیٰ کارکردگی، عزم اور مسلسل جدوجہد کی بہترین مثال ہیں۔ٹریک سائیکلسٹ کے طور پر بھی جیرینٹ تھامس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، بیجنگ 2008 اور لندن 2012 اولمپکس میں طلائی تمغے جیتنے کے علاوہ کامن ویلتھ گیمز میں بھی کارکردگی دکھائی۔
ان کا کیریئر کارڈف سے شروع ہوا اور ستمبر 2025 میں ٹور آف برٹین کے اختتام پر وہ اپنے ہی شہر میں اختتام پذیر ہوا۔آئی نیوس نے بتایا کہ جیرینٹ تھامس اب بریلزفورڈ، ڈاکٹر سکاٹ ڈراور اور سینئر مینجمنٹ کے ساتھ مل کر ریس سٹریٹجی، رائیڈر ریکروٹمنٹ، ترقی اور ٹیم کی ریس تیاری میں اہم کردار ادا کریں گے۔







