اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر افتخار علی ملک نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دور صدارت میں سارک خطے کی علاقائی تجارت کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سارک خطہ دنیا کی ایک بڑی مارکیٹ …
سارک چیمبر کے نومنتخب صدر افتخار علی ملک کا اسلام آباد چیمبر کے دورے کے موقع پر اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر افتخار علی ملک نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دور صدارت میں سارک خطے کی علاقائی تجارت کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سارک خطہ دنیا کی ایک بڑی مارکیٹ ہے اور سارک ممالک کی آپس کی تجارت کو ترقی دے کر ہی خطے سے غربت و بے روزگاری کو کم کیا جا سکتا ہے اور عوام کا معیار زندگی بہتر کیا جا سکتا ہے لہذا وہ سارک چیمبر کے پلیٹ فارم سے خطے کے تاجر برادری کے درمیان روابط کو مضبوط کرنے اور علاقائی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ سارک ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو بہتر کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے جس سے ہماری معیشت میں استحکام پیدا ہو گا۔ یو بی جی کے سرپرسرت اعلیٰ ایس ایم منیر، سیکرٹری جنرل زبیر طفیل، شیخ خالد تواب،اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی، فاو¿نڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، عبدالرو¿ف عالم، خالد جاوید، طارق صادق، چوہدری وحید الدین، خالد اقبال ملک، میاں شوکت مسعود، ناصر قریشی، ظفر بختاوری، کریم عزیز ملک، احمد حسن مغل، احسن ظفر بختاوری، راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک اور گروپ لیڈر سہیل الطاف، یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فاو¿نڈر گروپ نے اس موقع پر مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ یو جی بی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت اس وقت شدید مشکلات سے دو چار ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں صنعتکاری کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے اور اس مقصد کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے جس سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت کا ٹیکس ریونیو بہتر ہو گا اور معیشت مشکلات سے نکل کی ترقی کے راستے پر گامزن ہو گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی سارک چیمبر کے تعاون سے پاکستان کی خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت کو بہتر کرنے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اکثر تجارتی ومالی خسارے کا سامنا رہا ہے اور برآمدات کو ترقی دے کر ہی ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرز کے تقریباً 250ارب روپے کے ریفنڈز اس وقت حکومت کے پاس رکے ہوئے ہیں جس وجہ سے ان کو برآمدات کو فروغ دینے مشکلات درپیش ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایکسپورٹرز کے تمام واجب الاادا ری فنڈز کلیئر کئے جائیں تا کہ ہماری برآمدات کو بہتر فروغ ملے اور پاکستان کا تجارتی و مالی خسارہ کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ افتخار علی ملک کا سارک چیمبر آف کامرس کا صدر منتخب ہونا پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ سارک چیمبر کو سارک ممالک کے مابین تجارت بہتر کرنے کیلئے مزید فعال بنائیں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے چیمبر کا دورہ کرنے پر سارک چیمبر کے صدر افتخار علی ملک، یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ یو بی جی کے سیکرٹری جنرل زبیر طفیل، شیخ خالد تواب، فاو¿نڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فریداور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروصنعتکاری برادری کے اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے جس سے معیشت جلد بحال ہو گی۔








