سانحۂ کارساز کے زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں، حاجی علی مدد جتک

سانحۂ کارساز کے زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں، حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان کے وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ سانحۂ کارساز پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک ایسا المناک باب ہے جس کے زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں۔

اس سانحے میں جمہوریت، عوامی حقوق اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے والہانہ محبت کے جذبے سے سرشار پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں اور کارکنوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے تاریخ میں لازوال قربانیوں کی مثال قائم کی۔سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں ہماری جمہوری جدوجہد کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ ان بہادر جیالوں نے اپنے لہو سے جمہوریت کی شمع کو روشن رکھا اور ثابت کیا کہ عوام کے حقوق، جمہوری اقدار اور اصولوں کی بالادستی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ہم شہداءِ کارساز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن، آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام، عوامی خدمت اور معاشرے میں مساوات کے مشن کو پوری ثابت قدمی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

شہداءِ کارساز کا لہو ہماری جمہوری جدوجہد کی پہچان اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ان کا مشن ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔

مزید خبریں