حیدرآباد۔ 19 جنوری (اے پی پی):سانگھڑ پولیس کی کارروائیوں میں ڈکیتی کے مقدمے میں نامزد دو ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔پولیس نے ایک اور کارروائی میں چھینی گئی ہونڈا 125 موٹر سائیکل اور ڈکیتی میں استعمال کئےجانے والے دو ٹی ٹی پسٹل، 1150 گرام چرس برآمد کرکے 3 منشیات فروش گرفتار کر لئے ۔
تفصیلات کے مطابق سانگھڑ ضلع پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کاروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او سرہاڑی رحم حسین واسوانو نے ماتحت عملے کے ہمراہ ڈکیتی کے مقدمے میں نامزد ملزمان منٹھار لنجوانی اور رانجھن لنجوانی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چھینی گئی ہونڈا 125 موٹرسائیکل اور 2 TT پسٹل اور سات گولیاں برآمد کرتے ہوئے گرفتار ملزمان کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں سندھ آرمز ایکٹ کی دفعات کے تحت مزید دو اور مقدمات بھی درج کر لیے ہیں۔
انچارج سی ائی اے سانگھڑ اکبر علی چنا نے منشیات فروش فرمان علی بگٹی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 290 گرام چرس برآمد کرلی۔ جبکہ دوسری کارروائی میں ایک اور منشیات فروش نصراللہ سومرو کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 250 گرام چرس برآمد کی ہے۔
اس کے علاوہ سائل سولنگی کا گم ہونے والا موبائل فون برآمد ہونے پر اس کے اصل مالک کے سپرد کر دیا۔ ایس ایچ او کھڈڑو ذاکر حسین نے منشیات فروش فروش گلزار خاصخیلی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 610 گرام چرس برآمد کرلی۔
گرفتار منشیات فروشوں کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ایس ایچ او سنجھورو عبدالمجید ارائیں نے 2 مسروقہ سولر پلیٹیں برآمد ہونے پر اس کے اصل مالک نظر محمد چانگ کے سپرد کردیں۔جھول پولیس نے مدد علی چنڑ کی چوری ہو جانے والی بکری اور اس کا بچہ برآمد کرکے ملزم نواز کو گرفتار کر لیا۔