ساہیوال ،ماڈل بازار میں رمضان سہولت سٹالز کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس

110

ساہیوال۔ 12 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ماڈل بازار میں رمضان سہولت سٹالز کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اسامہ مجید چیمہ ،اے ڈی سی جی نیاز احمد اور اسسٹنٹ کمشنرز رانا اورنگزیب اور و حید حسن گوندل کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران اورتاجرتنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔اجلاس میں رمضان سہولت سٹالز کے قیام، اشیائے خورونوش کی دستیابی، نرخوں کے تعین اور معیار کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور رمضان سہولت سٹالز پر پھل ،سبزی،کھجور ،آٹا ،دالوں ،چینی اور بیسن سمیت دیگرضروری اشیاء رعایتئ نرخوں پر دستیاب ہوں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ماڈل بازار میں قائم سہولت سٹالز پر اشیائے خورد و نوش کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کسی بھی قسم کی بدانتظامی یا مصنوعی مہنگائی کی اجازت نہ دی جائے اورسکیورٹی، صفائی اور پارکنگ کے بھی موثر انتظامات کیے جائیں ۔ انہوں نے معمر افراد اور خواتین کیلئے الگ کاونٹرز قائم کرنے کا بھی حکم دیا ۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور رمضان سہولت سٹالز کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشیاء کی دستیابی اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی

اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں موجود تاجروں کے نمائندوں نے بھی اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔