ساہیوال کا واقعہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ، شیخ رشید احمد

75

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ساہیوال کا واقعہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان اس واقعے کی جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد قصورواروں کو داستان عبرت بنا دیں گے۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اور انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا اور قومی خزانے کو بہت بے دردی سے لوٹا اور منی لانڈرنگ کے ذریعے قوم کا سارا پیسہ بیرون ملک منتقل کر دیا جس کی وجہ سے ہمیں آج مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مسائل کے انبار ہیں جنہیں حل کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ملکی معاشی مشکلات کے ذمہ دار نواز شریف اور آصف زرداری ہیں جنہوں نے ملک و قوم کا پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں ملک ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی وزارت کے حوالے سے ایک سال کا ہدف دیا تھا اور میں اس دوران محکمہ ریلوے میں 10 ارب روپے کا اضافہ کر دوں گا، ہم نے محکمہ ریلوے میں نئی ٹرینوں کا اضافہ کیا ہے اور مستقبل میں مذید ٹرینیں بھی چلا رہے ہیں۔