سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وفد نے چانسلر محمد اکبر علی خان کی قیادت میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ(ایس ایس یو)کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا
سرسید یونیورسٹی کے وفد کا ایس ایس یوکے ہیڈ کوارٹر کا دورہ

مزید خبریں
کراچی۔ 10 ستمبر (اے پی پی):سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وفد نے چانسلر محمد اکبر علی خان کی قیادت میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ(ایس ایس یو)کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کا مقصد دونوں اداروں کے باہمی اشتراک کے مواقع کا جائزہ لینا اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی کارکردگی اور اس کے اختراعی اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنا تھا۔ وفد کے ممبران میں ارم اکبر علی خان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افضل حق، رجسٹرار کموڈور (ر)سید سرفراز علی، ڈاکٹر عبدالمعید خان، ڈاکٹر کاشف شیخ، ڈاکٹر فہد فاروقی، عدیل احمد، پیر شعیب سرہندی و دیگرشامل تھے۔ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈنٹ،کیپٹن (ر)عامر خان نیازی نے وفد کو ادارے کی کارکردگی اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے سافٹ ویئر انجینئرز نے ادارے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ایسا جدید چیٹ بوٹ تیار کیا ہے جوسیفٹی اور سیکیورٹی سے متعلق سوالات کے جوابات فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آٹھ سے دس سافٹ ویئر انجینئرز کی ایک ٹیم آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے منصوبوں پر کام کررہی ہے، جس کے نتیجے میں ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے جو تین زبانوں اردو، انگلش اور سندھی میں کام کرتا ہے۔اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن) ڈاکٹر مقصود احمد، تمغہ امتیاز، کے زیرِ قیادت قائم کردہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی اعلی درجے کی سیکورٹی فراہم کرنے کی صلاحیت کی بھرپور تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اس یونٹ نے اپنی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے اپنی اہمیت کو ثابت کیا ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی ٹریننگ میجر سلیم نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی کارکردگی پر ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی۔چانسلر اکبر علی خان نے اس موقع پر عامر خان نیازی کو سرسید یونیورسٹی کا نشان پیش کیا۔








