سرکاری حج سکیم کے تحت بکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پرائیویٹ حج سکیم میں درخواستوں اور بکنگ کے عمل میں تیزی

سرکاری حج سکیم کے تحت بکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پرائیویٹ حج سکیم میں درخواستوں اور بکنگ کے عمل میں تیزی آ گئی ہے

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):سرکاری حج سکیم کے تحت بکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پرائیویٹ حج سکیم میں درخواستوں اور بکنگ کے عمل میں تیزی آ گئی ہے۔ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت اب تک 80 فیصد نشستوں کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ تقریباً 15 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین حج نے واجبات کی مد میں مجموعی طور پر 57 ارب 50 کروڑ روپے جمع کروا دیئے ہیں۔ ان میں سے 30 ارب روپے ون لنک پی ایس آئی ڈی ( PSID )اور بینک کارڈ کے ذریعے جبکہ 27 ارب 50 کروڑ روپے مینول بینک چالان کے ذریعے جمع کروائے گئے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ رواں سال پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل پورٹل پر موجود تمام پرائیویٹ حج پیکیجز میں عازمین حج کے لیے قربانی کے اخراجات پہلے سے شامل ہیں جن کی مالیت 55 ہزار روپے ہے۔وزارت کی ہدایت کے مطابق اضافی سہولیات کا انتخاب اور ان کی ادائیگی بھی ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ہی ہو گی۔ وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ باقی نشستوں پر اپنی بکنگ جلد از جلد مکمل کر لیں۔ اس مقصد کے لیے عازمین حج موبائل ایپ یا حج ڈیجیٹل پورٹل سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ حج واجبات کی ادائیگی صرف سرکاری حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائے۔ عازمین حج کسی بھی فرد یا کمپنی کو براہ راست رقم ادا کرنے سے گریز کریں، کیونکہ ایسے کسی بھی لین دین کی صورت میں وزارت مذہبی امور ذمہ دار نہیں ہوگی۔وزارت نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرائیویٹ حج کی بکنگ اور واجبات کی ادائیگی 20 نومبر سے قبل مقررہ ڈیجیٹل ذرائع سے کریں تاکہ مالی لین دین میں شفافیت برقرار رہے اور حج انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔

 

مزید خبریں