نائب وزیراعظم کا حصولِ پائیدار ترقیاتی اہداف پروگرام کےفنڈز کی منصفانہ اور یکساں تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حصولِ پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) پروگرام کےفنڈز کی منصفانہ اور یکساں تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئےہدایت کی ہےکہ مالی وسائل کے بروقت استعمال کی نگرانی کے لئے مؤثر نظام وضع کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حصولِ پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) پروگرام کےفنڈز کی منصفانہ اور یکساں تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئےہدایت کی ہےکہ مالی وسائل کے بروقت استعمال کی نگرانی کے لئے مؤثر نظام وضع کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ترقیاتی منصوبوں کے نتائج قومی پائیدار ترقی کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہوں۔ منگل کونائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے پروگرام (ایس اے پی) کی سٹیئرنگ کمیٹی کا 52واں اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔

اجلاس میں ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی مجموعی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ فنڈز کے استعمال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ اس دوران سماجی و اقتصادی ترقی کو منصفانہ بنیادوں پر یقینی بنانے کے طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی گئی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایس اے پی فنڈز کی منصفانہ اور یکساں تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور عملدرآمد کرنے والی ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ شفافیت برقرار رکھی جائے، اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے تاکہ بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر سے ہدفی آبادی مؤثر انداز میں مستفید ہو سکے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کمیٹی کو مزید ہدایت کی کہ مالی وسائل کے بروقت استعمال کی نگرانی کے لئے مؤثر نظام وضع کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ترقیاتی منصوبوں کے نتائج قومی پائیدار ترقی کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہوں۔اجلاس میں وفاقی وزراء منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پارلیمانی امور، سائنس و ٹیکنالوجی، مواصلات اور توانائی کے علاوہ وزیراعظم کے بین الصوبائی رابطہ کاری کے مشیر، ارکان قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، پلین بلوچ اور شازیہ مری، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق باجوہ، سیکرٹری کابینہ، صوبوں کے سینئر حکام اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے افسران نے شرکت کی۔