وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی ایبٹ آباد کے زیر اہتمام سائبر کرائم سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور ریلی نکالی گئی، جس میں محکمہ کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں نے شرکت کی
ایبٹ آباد میں سائبر کرائمز کے خلاف آگاہی مہم، شہریوں کو آن لائن جرائم سے بچاؤ اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کا پیغام

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی ایبٹ آباد کے زیر اہتمام سائبر کرائم سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور ریلی نکالی گئی، جس میں محکمہ کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عبد الوہاب نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی سید علی ناصر نقوی کی ہدایات پر سائبرکرائم کے خلاف آگاہی مہم شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو آن لائن جرائم سے محفوظ رکھنے اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت کا بنیادی مقصد مظلوم کی آواز بننا اور اس کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہے تاہم کسی کو ذاتی طور پر ہدف بنا کر جھوٹی معلومات پھیلانا جرم ہے۔ سوشل میڈیا پر کردار کشی، ہراسمنٹ، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی سے متعلق جرائم اور آن لائن بدعنوانیوں جیسے واقعات تشویش ناک ہیں۔ ریاست کے خلاف غیر قانونی پروپیگنڈے سمیت سائبر کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایسے متعدد مقدمات درج کرکے ملزمان کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الوہاب نے کہا کہ شہریوں میں سائبر قوانین اور آن لائن جرائم سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے میڈیا کے ساتھ خصوصی رابطہ اور تعاون کو فروغ دیا جائے گا تاکہ عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مثبت استعمال کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔بعد ازاں ایبٹ آباد پریس کلب سے شاہین چوک تک سائبر کرائمز سے متعلق آگاہی ریلی نکالی گئی۔شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سائبر قوانین اور آن لائن سرگرمیوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق پیغامات درج تھے۔ ریلی کے ذریعے شہریوں کو سائبر کرائم سے بچاؤ اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ترغیب دی گئی۔







