سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے شفافیت اور جوابدہی ناگزیر ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مستحکم کرنے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قریبی روابط برقرار رکھیں اور امور کے بروقت فالواپ کو یقینی بنائیں

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مستحکم کرنے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قریبی روابط برقرار رکھیں اور امور کے بروقت فالواپ کو یقینی بنائیں۔

منگل کو نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آڈٹ اوور سائٹ بورڈ کے قانون میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنانے اور آڈٹ و مالیاتی رپورٹنگ کے اعلیٰ معیار کو فروغ دینے کے لیے ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مستحکم کرنے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ قریبی رابطہ کاری برقرار رکھیں اور امور کےبروقت فالواپ کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق باجوہ، سیکرٹریز خزانہ اور قانون و انصاف، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، چیئرمین آڈٹ اوور سائٹ بورڈ اور انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان کے نمائندے نے شرکت کی۔