مناسکِ حج 2026ء کی کامیاب ادائیگی کے بعد سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جہاں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور پاکستان حج مشن کے دیگر اعلیٰ حکام نے حجاج کرام کو دعاؤں، نیک تمناؤں اور روایتی کیک کاٹ کر الوداع کیا۔
سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والے حجاج کی وطن واپسی وفاقی وزیر مذہبی امور اور ڈی جی حج نے الوداع کیا

مزید خبریں
مکہ مکرمہ۔31مئی (اے پی پی):مناسکِ حج 2026ء کی کامیاب ادائیگی کے بعد سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جہاں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور پاکستان حج مشن کے دیگر اعلیٰ حکام نے حجاج کرام کو دعاؤں، نیک تمناؤں اور روایتی کیک کاٹ کر الوداع کیا۔ پوسٹ حج فلائٹ آپریشن کے تحت سیالکوٹ کے لئے پہلی پرواز پی کے 964 اتوار اور پیر کی درمیانی رات سیالکوٹ پہنچے گی ۔ایک لاکھ 19 ہزار حجاج کی واپسی کا یہ عظیم الشان آپریشن 30 جون تک جاری رہے گا۔پاکستان حج مشن کی جانب سے العزیزیہ میں حجاج کرام کے ہوٹل میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حجاج کرام کو الوداع کہتے ہوئے ان کے حج کی قبولیت اور محفوظ سفر کے لیے دعاکی۔ اس موقع پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور چیف کوآرڈینیٹر مرزا علی محسود سمیت حج مشن کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ حجاج کرام نے مکہ مکرمہ سے روانگی کے وقت گہری روحانی کیفیت، خوشگوار یادوں اور پاکستان کی سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ وطن واپسی کا سفر شروع کیا۔ترجمان وزارتِ مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق یکم جون کو مجموعی طور پر 21 حج پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے اڑان بھریں گی، جن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے 5، کراچی کے لیے 4، لاہور کے لیے 4، ملتان کے لیے 2، سیالکوٹ کے لیے 2، فیصل آباد کے لیے 2 جبکہ کوئٹہ کے لیے 1 پرواز شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق پوسٹ حج فلائٹ آپریشن کے پہلے دو روز کے دوران مجموعی طور پر 5 ہزار 6 سو 28 حجاج کرام کو وطن واپس پہنچایا جائے گا۔ اس سال سرکاری فلائٹ آپریشن کو تیز رفتار اور آرام دہ بنانے کے لیے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) سمیت سعودی ایئر، ایئر سیال اور ایئر بلیو کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔دوسری جانب وطن واپس روانہ ہونے والے حجاج کرام نے دورانِ حج رہائش، ٹرانسپورٹ، کھانے اور خاص طور پر مشاعرِ مقدسہ (منیٰ، عرفات، مزدلفہ) میں فراہم کی جانے والی بہترین سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ حجاج کا کہنا تھا کہ پاکستان حج مشن اور حکومتِ پاکستان نے تمام مراحل میں ان کی بہترین رہنمائی اور دیکھ بھال کی، جس پر وہ حکومت اور حج معاونین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔








