سرکاری ملازمین کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے میرٹ پر ترقیاں ناگزیر ہیں،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے میرٹ پر ترقیاں اور مراعات انتہائی ضروری ہیں، کسی بھی ادارے کے مقاصد کو بڑھانے کے لیے میرٹ کی بنیاد پر پروموشن ضروری ہے،پارلیمنٹ ملک کا سب سے بڑا سپریم قانون ساز ادارہ ہے اور اس ادارے کے افسران و عملہ اس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے نئے ترقی پانے والے افسران اور عملے کے دیگر افراد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے افسران اور عملے کے دیگر افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق محنت کریں۔انہوں نے قومی اسمبلی کے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں خدمات انجام دیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سیکرٹریٹ میں خواتین ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گھریلو ذمہ داریوں کے باوجود سیکرٹریٹ میں ان کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں یہ ترقیاں میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر دی گئیں ہیں۔انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے پچانوے ترقی پانے والے افسران اور آفیشل کو مبارکباد دی۔ تقریب میں سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین، ایڈیشنل سیکرٹری چوہدری مبارک علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔