کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے،گورنر سندھ

کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے،گورنر سندھ

کراچی۔ 05 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ استحصالِ کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پرکشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہارکیاہے۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ 5اگست 2019 بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں،کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان ہر محاذ پر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا عالمی برادری فوری نوٹس لے،اقوامِ متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل سے ہی ممکن ہے،پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جائز اور منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام سے عہدِ وفا کی تجدید اور ان کی جدوجہد کی حمایت کے اعادہ کا دن ہے۔