کولمبو۔7نومبر (اے پی پی):سری لنکا اور بنگلہ دیش کےدفاتر خارجہ کے درمیان آٹھ سال بعد مشاورت کا چوتھا دور منعقد ہوا۔ شنہوا کے مطابق سری لنکا کی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ جلاس کی مشترکہ صدارت سری لنکا کی خارجہ سیکرٹری ارونی رانا راجا اور بنگلہ دیش کے خارجہ سیکرٹری اسد عالم سیام نے کی۔ سری لنکا نے بنگلہ دیش میں اپنی سرمایہ کاری اور مقیم سری لنکن برادری کا …
سری لنکا اور بنگلہ دیش کے دفاتر خارجہ کے درمیان آٹھ سال بعد مشاورت کا چوتھا دور
کولمبو۔7نومبر (اے پی پی):سری لنکا اور بنگلہ دیش کےدفاتر خارجہ کے درمیان آٹھ سال بعد مشاورت کا چوتھا دور منعقد ہوا۔ شنہوا کے مطابق سری لنکا کی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ جلاس کی مشترکہ صدارت سری لنکا کی خارجہ سیکرٹری ارونی رانا راجا اور بنگلہ دیش کے خارجہ سیکرٹری اسد عالم سیام نے کی۔
سری لنکا نے بنگلہ دیش میں اپنی سرمایہ کاری اور مقیم سری لنکن برادری کا حوالہ دیتے ہوئے بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو سری لنکا میں ترقیاتی منصوبوں، لاجسٹکس سروسز، کاشت کاری اور سیاحت سے متعلق منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی۔کولمبو نے بینکنگ سروسز میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ مالیاتی استحکام میں مدد مل سکے، جبکہ گرین ٹورزم کے منصوبوں میں شراکت داری کی خواہش ظاہر کی اور سمندری رابطوں کے فروغ کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
بیان میں کہا گیا کہ سری لنکا نے بنگلہ دیشی نرسوں کے لیے سالانہ تربیتی مواقع میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی اور دونوں ممالک کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے درمیان تعاون میں وسعت کا خیرمقدم کیا۔بنگلہ دیش نے سری لنکا کی موجودہ سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے مزید سرمایہ کاری خاص طور پر دوا سازی، مہمان نوازی ،سیاحت، آٹوموبائلز، لائٹ انجینئرنگ، قابلِ تجدید توانائی، زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ، چمڑے اور جوتا سازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
بیان کے مطابق بنگلہ دیش نے سری لنکا کے کسانوں کو زرعی دوروں کے لیے مدعو کیا، مویشیوں کے شعبے میں تعاون کی پیشکش کی، اور ماہی گیری کے شعبے میں سری لنکا کے تجربے سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔دونوں ممالک نے تجارتی سہولت کاری، نجی شعبے کی شمولیت میں اضافے اور زیر التوا قانونی معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
سری لنکا کے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کے مطابق بنگلہ دیش، سری لنکا کی 12ویں بڑی برآمدی منزل ہے، 2024 میں سری لنکا کی بنگلہ دیش کو کل برآمدات 241.54 ملین امریکی ڈالر جبکہ اسی عرصے میں بنگلہ دیش سے درآمدات 83.79 ملین ڈالر رہیں۔








