سری لنکا نے تیسرے اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی،سیریز1-2سے پاکستان کے نام

سری لنکا نے تیسرے اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی،سیریز1-2سے پاکستان کے نام

راولپنڈی ۔13اکتوبر (اے پی پی):سری لنکا نے تیسرے اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ آئی لینڈرز نے 169 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کوسال مینڈس نے 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور مرد میدان قرار پائے۔ شکست کے باوجود پاکستان نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی جبکہ کپتان صاحبزادہ فرحان مسلسل تینوں میچوں میں نصف سنچریاں سکور کر کے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان کوسال مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 47 گیندوں پر 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے سیریز کے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ عرفات منہاس نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 34 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ فخر زمان 12 اور معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو ایشان ملنگا نے پویلین کی راہ دکھائی۔ حسن نواز نے 16 رنز بنائے تاہم وجے کانتھ ویاسکانتھ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ خواجہ نافع 3 رنز بنا کر داسن شناکا کی گیند پر سہان آراچیگے کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ محمد عمران نے 6 جبکہ عبدالصمد نے 15 رنز اسکور کیے۔

دونوں کو داسن شناکا نے آئوٹ کیا جبکہ رضااللہ بغیر کوئی رن بنائے نووان تھشارا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا سب سے کامیاب باؤلر رہے انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ نووان تھشارا اور ایشان ملنگا نے دو، دو جبکہ وجے کانتھ ویاسکانتھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے جارحانہ آغاز کیا اور مقررہ ہدف 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کوسال مینڈس نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 48 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ کمندو مینڈس نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔ سینیٹھ جے وردھنے 38 اور لہرو اودارا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ یوں سری لنکا نے آخری میچ جیت کر سیریز کا اختتام کامیابی پر کیا تاہم پہلے دو میچوں میں فتوحات کی بدولت پاکستان سیریز 1-2 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔

مزید خبریں