سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی

121

کولمبو۔7ستمبر (اے پی پی):سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 78 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ سری لنکا کے 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 125 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، دشمانتھا چمیرا کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، چارتھ اسالانکا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

منگل کو کولمبو کے آر پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنا پائی۔ چارتھ اسالانکا 47 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دشمانتھا چمیرا 29 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

جنوبی افریقی سپنر بائولرز کی نپی تلی بائولنگ کے سامنے سری لنکن بلے باز بے بس نظر آئے، کیشو مہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جارج لنڈے اور تبریز شمسی نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ایڈم مارکرم اور ویان ملڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 30 اوورز میں ہی 125 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کو ابتداء میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، 19 کے مجموعی سکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر بلے باز جانیمن ملان 18، ہینرچ کلاسین 22، فلہوک وایو 17 اور جارج لنڈے 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

سری لنکا کے مہیش تھیکشانا نے اپنے ڈیبیو میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ دشمانتھا چمیرا اور ہسارانگا ڈی سلوا نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پراوین جیاوکرما اور چارتھ اسالانکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح سری لنکا نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 78 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ دشمانتھا چمیرا کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ چارتھ اسالانکا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔