سری لنکا نے پاکستان کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے دی،دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز1-1سے برابری پرختم

دمبولا۔11جنوری (اے پی پی):سری لنکا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی،بارش سے متاثرہ میچ میں میزبان ٹیم نے مقررہ 12 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر160 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں …

دمبولا۔11جنوری (اے پی پی):سری لنکا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی،بارش سے متاثرہ میچ میں میزبان ٹیم نے مقررہ 12 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر160 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی، کپتان سلمان آغا کی 12 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی،ہسارنگا میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اتوار کو دمبولا میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کو بارش کے باعث 12،12 اوورز تک محدود کر دیا گیا، پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو سری لنکن ٹیم نے مقررہ 12 اوورز میں 160 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کپتان داسن شناکا نے 9 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، کوسل مینڈس 30، دھنن جایا ڈی سلوا 22، کامل مشرا 20 اور چارتھ آسالنکا 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، پاتھم نسانکا بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے،

محمد وسیم نے 3 جبکہ محمدنواز، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر146 رنز بنا سکی، ہدف کے تعاقب کیلئے گرین شرٹس جب میدان میں اترے تو 10 کے سکور پر اسے صاحبزادہ فرحان کا نقصان اٹھانا پڑا جو 9 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر کپتان سلمان آغا نے جارحانہ انداز اپنایا اور 12 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 60 رنز تک پہنچا دیا، یہاں پر سلمان آغا 45 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، صائم ایوب 6 رنز بنا کر چلتے بنے، عثمان خان محض 1 رن بنا سکے،

67 کے سکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد محمدنواز اور خواجہ نافع نے پانچویں وکٹ میں 49 رنز جوڑ کر ایک مرتبہ پھر ٹیم کی جیت کی امید دلوائی تاہم یہاں پر خواجہ نافع 26 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے،شاداب خان 6 رنز بنا سکے، محمدنواز 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، فہیم اشرف 9 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے، محمدوسیم 7 اور نسیم شاہ ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ ہوئے،وانندو ہسارنگا نے 4 ،ماتیشا پھترانا نے 2 اور ایشن مالنگا نے ایک وکٹ لی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی، سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو شکست دی تھی تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

 

مزید خبریں