سری لنکا کرکٹ ٹیم کا دورہ ، پہلا دستہ پاکستان پہنچ گیا

پاکستان کے دورے پر آنے والی سری لنکا مینز کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ اسلام آباد پہنچ گیا۔ سری لنکن ٹیم کے13 رکنی ابتدائی دستے میں ٹی ٹونٹی سکواڈ کی 8 کھلاڑی جبکہ ٹیم مینجمنٹ کے 5 آفیشلز شامل ہیں

لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کے دورے پر آنے والی سری لنکا مینز کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ اسلام آباد پہنچ گیا۔ سری لنکن ٹیم کے13 رکنی ابتدائی دستے میں ٹی ٹونٹی سکواڈ کی 8 کھلاڑی جبکہ ٹیم مینجمنٹ کے 5 آفیشلز شامل ہیں۔اسلام آباد پہنچنے والے کھلاڑیوں میں سری لنکا کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان کوشال مینڈس،آل رائونڈر داسن شناکا،سپنر مہیش تھیکشانا اور فاسٹ بائولر ایشان ملنگا شامل ہیں۔سری لنکن سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں کامینڈو مینڈس،لاہیرو اڈارا،چمندو وکرمسنگھے اور ڈونیتھ ویلالاگے بھی شامل ہیں،جو پاکستان کے خلاف ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں سری لنکا کی نمائندگی کریں گے۔سری لنکا ٹیم کے ہیڈ کوچ،دو مزید کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے دیگر دو آفیشلز بھی کل اسلام آباد پہنچیں گے،جبکہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل باقی 5 کھلاڑی منگل کو پاکستان پہنچیں گے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز جمعہ سے ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔شیڈول کے مطابق تین میچوں پر مشتمل سیریز9 سے13 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ سیریز کے دوران دونوں ٹیمیں مختصر فارمیٹ میں اپنی تیاریوں کو جانچنے کے ساتھ ساتھ اہم کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ میں فارم اور کارکردگی بہتر بنانے کا موقع فراہم کریں گی۔سری لنکا کے کھلاڑیوں کی مرحلہ وار پاکستان آمد کے بعد دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہونے کی جانب بڑھیں گی۔سیریز کے تمام میچز راولپنڈی میں ہونے کے باعث شائقین کرکٹ کی توجہ بھی ان مقابلوں پر مرکوز رہے گی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہوگی، جس میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی کارکردگی پر خصوصی نظر رہے گی۔سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔