اساتذہ قوم کے معمار، نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، کتابیں صرف معلومات فراہم کرتی ہیں جبکہ رفعت تخیل عفت نظر حسن کردار کی دولت صرف اساتذہ فراہم کرتے ہیں
اساتذہ قوم کے معمار، نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

مزید خبریں
سیالکوٹ ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):اساتذہ قوم کے معمار، نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، کتابیں صرف معلومات فراہم کرتی ہیں جبکہ رفعت تخیل عفت نظر حسن کردار کی دولت صرف اساتذہ فراہم کرتے ہیں، اساتذہ قوم کے معمار ہیں جو نئی نسل کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی، فکری تربیت، اخلاقی اقدار کی آبیاری میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، کسی بھی معاشرے کی ترقی کا انحصار معیاری تعلیم، باصلاحیت اساتذہ، باشعور نوجوان نسل پر ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر مقامی تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ استاد کا مقام معاشرے میں ہمیشہ سے انتہائی بلند رہا ہے، ایک اچھا استاد طلبہ کو صرف کتابی علم نہیں دیتا بلکہ انہیں زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے، درست فیصلہ کرنے، مثبت سوچ اپنانے، ملک و قوم کی خدمت کے لیے تیار کرتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جدید سائنسی علوم سمیت تعلیم کے میدان میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، ایسے حالات میں اساتذہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں، انہوں نے کہا ہمیں اپنی نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار، برداشت، نظم و ضبط، تحقیق، تخلیقی سوچ، حب الوطنی سے بھی روشناس کرانا ہوگا۔ اور کہا پاکستان کا روشن مستقبل تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے، حکومت، تعلیمی ادارے، اساتذہ، والدین معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر نوجوان نسل کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ اساتذہ اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ اساتذہ کے وقار کو مزید بلند کیا جائے، ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے، انہیں بہتر تعلیمی ماحول، پیشہ ورانہ تربیت، ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ مستقبل کی نسلوں کی زیادہ مؤثر انداز میں رہنمائی کر سکیں۔ سابق وفاقی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں، تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، جدید علوم کے حصول کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی توجہ دیں تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔







