سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز کے حوالے سے پرامید ہیں،فاطمہ ثنا

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز کے حوالے سے پرامید ہیں اور پوری ٹیم کا ہدف مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہوئے بہترین نتائج حاصل کرنا ہے

لاہور۔22جولائی (اے پی پی):قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز کے حوالے سے پرامید ہیں اور پوری ٹیم کا ہدف مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہوئے بہترین نتائج حاصل کرنا ہے۔ اپنے ایک میڈیا انٹرویو میں فاطمہ ثنا نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں ٹیم کو بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا اور کوشش ہوگی کہ جنوبی افریقااور زمبابوے کے خلاف گزشتہ سیریز کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی سیریز میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھا گیا ہے اور پوری کوشش ہے کہ انہیں دوبارہ نہ دہرایا جائے۔قومی کپتان نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ ون ڈے سکواڈ کو جلد از جلد مضبوط اور متوازن بنانے پر کام کر رہی ہے، اسی لیے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج تشکیل دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیریز میں گل فیروزہ، صدف شمس اور سدرا امین کی کارکردگی انتہائی حوصلہ افزا رہی، جو ٹیم کے لیے خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا مقصد زیادہ سے زیادہ میچ ونر کھلاڑی تیار کرنا ہے، کیونکہ جتنے زیادہ میچ ونرز ہوں گے، ٹیم اتنی ہی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم مثبت، جارحانہ اور بے خوف کرکٹ کھیلے گی کیونکہ مستقبل میں بڑی ٹیموں کے خلاف اہم مقابلے درپیش ہیں۔فاطمہ ثنا نے کہا کہ موجودہ دور کی عالمی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق کھیلنا ناگزیر ہے، اس لیے ٹیم کو اپنی خامیوں اور غلطیوں پر جلد از جلد قابو پانا ہوگا۔دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا کہ وہ اس ایونٹ میں کھیلنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں، تاہم انہیں اس بات کا افسوس بھی ہے کہ اس کی وجہ سے قومی ٹیم کی ٹی ٹونٹی سیریز کا حصہ نہیں بن سکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دی ہنڈرڈ میں کھیلنے سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا اور وہ اپنے تجربات سے قومی ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں کو بھی فائدہ پہنچانے کی کوشش کریں گی۔

 

مزید خبریں