کولمبو۔20فروری (اے پی پی):سری لنکا کی بحریہ نے غیر قانونی شکار پر 10 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کر کے 3 کشتیاں قبضے میں لے لیں۔ شنہوا کے مطابق سری لنکن بحریہ نے جمعرات کو پریس ریلیز میں کہا کہ بحریہ نے گزشتہ رات کو سری لنکا کے پانیوں میں غیر قانونی شکار کر نے پر 3 بھارتی ماہی گیری کی کشتیوں کو قبضے میں لے لیا اور 10 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ۔
بحریہ نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں ملک کے شمالی صوبے میں منار کے شمال اور ڈیلفٹ جزیرے سے دور سمندر کے قریب دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران کی گئیں۔ بھارتی ماہی گیری کی کشتیوں اور ماہی گیروں کو قانونی کارروائی کے لیے فشریز حکام کے حوالے کر دیا گیاہے۔
بحریہ نے کہا کہ وہ غیر ملکی ماہی گیری کی کشتیوں کے غیر قانونی ماہی گیری کے طریقوں کو روکنے کے لیے سری لنکا کے پانیوں میں باقاعدہ گشت اور کارروائیاں کرتے ہیں۔بحریہ نے کہا کہ اس نے رواں سال اب تک 13 بھارتی ماہی گیری کی کشتیاں ضبط کی ہیں اور 99 بھارتی ماہی گیروں کو سری لنکا کے پانیوں میں غیر قانونی شکار کرنے پر گرفتار کیا ہے۔