سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سیناوی رتنے کی قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملاقات

پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سیناوی رتنے نے بدھ کو قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سیناوی رتنے نے بدھ کو قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے قائداعظم یونیورسٹی اور سری لنکا کی جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی روابط کو مضبوط بنانے، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں پر غور کیا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سری لنکا کا ہائی کمیشن اپنے مڈ کیریئر افسران کے امتحانات کے انعقاد کے لئے قائداعظم یونیورسٹی کی خدمات حاصل کرے گا جس سے دونوں اداروں کے درمیان عملی تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔

دونوں جانب سے مستقبل میں باقاعدہ تعاون اور اشتراک کار کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)سائن کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا جس کے تحت تعاون کے مختلف شعبوں اور طریقہ کار کا تعین کیا جائے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی بین الاقوامی تعلیمی روابط کو فروغ دینے اور علاقائی جامعات کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے سری لنکا کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو دونوں ممالک کے درمیان علمی تعلقات کے استحکام کے لئے اہم قرار دیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے قائداعظم یونیورسٹی کے تعلیمی معیار اور تحقیقی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجوزہ تعاون سے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کو باہمی تجربات سے استفادہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔