وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کے خلاف کارروائیاں تیز
صوبے بھر میں فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، غیر معیاری خوراک، جعلی لیبلنگ اور مضرِ صحت اشیاء کے خلاف بڑی کارروائیاں

مزید خبریں
پشاور۔ 10 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے پشاور، لوئر دیر، سوات اور ملاکنڈ میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جہاں غیر معیاری، مس لیبل اور مضرِ صحت خوراکی اشیاء ضبط کر کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور میں پر ورسک روڈ اور دیر کالونی میں مشترکہ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں غیر معیاری جوسز برآمد کرکے ضبط کیے جبکہ جعلی اور تبدیل شدہ تاریخِ تنسیخ والی پنیر بھی قبضے میں لے لی گئی۔لوئر دیر میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے تیمرگرہ میں واقع آئس کریم فیکٹری کا معائنہ کیا جہاں صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے اصلاحی نوٹس جاری کیا گیا۔ علاوہ ازیں مختلف خوراکی کاروباروں کا معائنہ کرکے فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔سوات میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ اور مشروبات کے نمونوں کی موقع پر جانچ کی گئی۔ کارروائی کے دوران 250 سے زائد مس لیبل اور غیر معیاری آئس کریم جبکہ 70 بنڈل مس لیبل پاپس تلف کرکے ذمہ داران پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔تفصیلات میں بتایا گیا کہ ملاکنڈ میں خفیہ اطلاع پر ایک گودام میں کارروائی کے دوران جدید سائنسی و تکنیکی طریقوں سے جانچ پڑتال کے بعد تقریباً 12 ہزار سڑے ہوئے اور مضرِ صحت انڈے برآمد کیے گئے، جنہیں موقع پر ضبط کرکے تلف کر دیا گیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک میں ملاوٹ، جعلسازی، جعلی لیبلنگ اور عوامی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔








