سعودی آرامکو کے منافع میں 2.3 فیصد کمی

ریاض۔4نومبر (اے پی پی):عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث سعودی آرامکو کے منافع میں 2.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اے ایف پی کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی آئل کمپنیوں میں شمار ہونے والی سعودی آرامکو نے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ سال کی تیسری سہ ماہی میں کمپنی کے منافع میں 2.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی …

ریاض۔4نومبر (اے پی پی):عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث سعودی آرامکو کے منافع میں 2.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اے ایف پی کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی آئل کمپنیوں میں شمار ہونے والی سعودی آرامکو نے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ سال کی تیسری سہ ماہی میں کمپنی کے منافع میں 2.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔آرامکو کے مطابق خالص منافع کم ہو کر 26.94 ارب ڈالر رہ گیا جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 27.56 ارب ڈالر تھا۔ یہ کمپنی کے لیے مسلسل گیارہویں سہ ماہی ہے جس میں منافع میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

کمپنی کے بیان میں کہا گیا کہ آمدنی میں کمی منافع میں کمی کی بنیادی وجہ رہی تاہم آپریشنل اخراجات میں کمی سے اس اثر کو جزوی طور پر کم کیا گیا۔گزشتہ چند ماہ کے دوران عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، کسٹم ٹیرف اور کساد بازاری کے خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ رہاالبتہ جغرافیائی سیاسی عوامل خصوصاً امریکا کی جانب سے روسی توانائی کمپنیوں پر نئی پابندیوں نے قیمتوں کو مزید گرنے سے روکنے میں کردار ادا کیا۔

یہ نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اوپیک پلس اتحاد کے آٹھ اہم رکن ممالک، جن میں سعودی عرب اور روس بھی شامل ہیں، نے حال ہی میں تیل کی پیداوار میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی شیل آئل پروڈیوسرز سے بڑھتی ہوئی مسابقت کے پیشِ نظر مارکیٹ شیئر دوبارہ حاصل کرنا اب اوپیک پلس کی اہم ترجیح بن چکا ہے۔