سعودی سفارتخانہ نے پاک سعودی تعلقات پر مختصر ویڈیو مقابلوں کے انعقاد کا اعلان کر دیا

171
سعودی سفارتخانہ نے پاک سعودی تعلقات پر مختصر ویڈیو مقابلوں کے انعقاد کا اعلان کر دیا

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے ملک بھر کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے پاک سعودی تعلقات پر ایک مختصر ویڈیو مقابلے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

سعودی سفارت خانے کے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ کے مطابق اس صحت مند مقابلے کا انعقاد پاکستان کے پہلے سرکاری سطح کے سعودی عرب کے دورے کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا جا رہا ہے جو مارچ 1953 میں صدر غلام محمد نے کیا تھا اور ان کی شاہ عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی تھی۔ مقابلے میں حصہ لینے کی شرائط کے مطابق، ویڈیو سازی میں حصہ لینے والے امیدواروں کی عمر کی حد 30 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ ویڈیو کا دورانیہ دو منٹ کا ہونا چاہیے جس میں پاک سعودی تعلقات کے مرکزی موضوع پر توجہ دی جائے اور یہ عربی، اردو یا انگریزی زبان میں ہو سکتی ہیں۔

ویڈیو جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 مارچ ہے، اور اسے [email protected] یا واٹس ایپ نمبر +923253111014 پر ای میل کیا جا سکتا ہے۔ پہلا انعام حاصل کرنے والے کو 2000 ڈالر، دوسرے نمبر پر آنے والے کو 1500ڈالر، تیسرا انعام حاصل کرنے والے کو 1000 ڈالر اور چوتھے سے دسویں نمبر پر آنے والوںکو فی کس 500 ڈالر انعامات دیئے جائیں گے۔