مکہ مکرمہ ۔2اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب میں اسکان الحجاج کمیٹی مکہ مکرمہ نے آئندہ سال 2024 میں حج پر آنے والے غیرملکی عازمین کےلیے رہائشی عمارتوں کے پرمٹ کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق سعودی حکومت عازمین کو اپنی عمارتوں میں رہائش فراہم کرنے کے خواہش مند مالکان سے ہر سال درخواستیں وصول کرتی ہے، اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی مقرر ہے جسے اسکان الحجاج کا نام دیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ اس سال عازمین کی رہائش کے لیے مجوزہ عمارتوں کی پرمٹ درخواستیں انجینئر کنسلٹنسیزکے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ اسکان الحجاج کمیٹی نے عمارتوں کے مالکان اور انہیں ٹھیکوں پر حاصل کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے انجینئرنگ کنسلٹنسیز میں درخواسیتں جمع کرائیں۔