ریاض۔6فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے محکمہ کسٹم اور انسداد منشیات کے ادارے کی ٹیموں نے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی محکمہ کسٹم اور انسداد منشیات کے ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دمام کی شاہ عبدالعزیز بندر گاہ پر بیرون ملک سے آنے والے ایک اشیائے خورونوش کے کنٹینر کی تلاشی لی گئی تو اس میں چھپائی گئی نشہ آور گولیاں برآمدہوئیں جن کی تعداد 1 کروڑ 11 لاکھ 8 ہزار 998 بتائی گئی ہے۔ شپمنٹ درآمد کرنے پر دوافراد کو مشرقی ریجن سے گرفتار کیا گیا جن میں ایک سعودی اور دوسرا اردنی باشندہ ہے۔
ملزمان کے خلاف منشیات سمگلنگ کے الزام میں رپورٹ درج کرکے انہیں پراسیکیوشن کے حوالے کردیاگیا جہاں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیس کرمنل کورٹ کو ارسال کیا جائے گا۔