سعودی عرب، زائرین کے لیے تھری ڈی انٹرایکٹو نقشوں کی سہولت کا آغاز

حرمین شریفین کے امور کی نگرانی کرنے والی جنرل اتھارٹی نے زائرین کی خدمت کے لیےحرمین شریفین کے لیے تھری ڈی انٹرایکٹو نقشوں کا اجرا شروع کیا ہے

ریاض۔18مئی (اے پی پی):حرمین شریفین کے امور کی نگرانی کرنے والی جنرل اتھارٹی نے زائرین کی خدمت کے لیےحرمین شریفین کے لیے تھری ڈی انٹرایکٹو نقشوں کا اجرا شروع کیا ہے تاکہ مقدس مقامات اورلمسجد الحرام کی طرف جانے والے راستوں، ہوٹلوں اور ارد گرد کی سہولیات کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کیا جا سکے۔ العربیہ اردو کے مطابق جنرل اتھارٹی نے کہا ہے کہ اس اقدام سے زائرین کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے اور نقل و حمل سے جڑے چیلنجز کو کم کیا جا سکے گا،خاص طور پر رش کے اوقات کے دوران مشکلات میں کمی لائی جا سکے گی۔ تھری ڈی انٹرایکٹو نقشے استعمال میں آسان اور فوری جواب دینے والے انٹرفیس کے ذریعے مقدس مقام کے اندر صارف کے تجربے کو بہتر بناتے ہیں۔ ان نقشوں سے مستفید ہونے والے انتہائی بہتر کارکردگی کے ساتھ معلومات اور خدمات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ اقدام زائرین کی خدمت کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانے کے لیے حرمین شریفین کا انتظام کرنے والی جنرل اتھارٹی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس اقدام میں متعدد تکنیکی فوائد شامل ہیں جن میں سب سے نمایاں سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے میڈیا کی تشہیر کو تیز کرنا ہے۔

/;بیرون ملک سے آنے والے زائرین پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ اس سروس کی زیادہ سے زیادہ ممکنہ طبقے تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس نئے اقدام میں علمی دروس اور حفظ کے حلقوں کے مقامات کے ساتھ ساتھ افتا اور رہنمائی کے دفاتر کے مقامات بھی شامل ہیں جو زائرین کے مذہبی اور علمی تجربے کو بھرپور بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ موسم کی معلومات، نماز کے مقامات پر بھیڑ کی صورتحال، طواف اور سعی کے علاقے اور بیت الخلا کی معلومات بھی شامل ہیں جو حرکت کو منظم کرنے اور رش کو تقسیم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ جنرل اتھارٹی نے کہا کہ اس سروس کو ’’نسک‘‘ کارڈ میں ضم کیا جائے گا جس سے ضیوف الرحمن کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل خدمات کے انضمام کو فروغ ملے گا اور خدمات کے معیار میں اضافہ ہوگا۔ یہ اقدام حرمین شریفین کے زائرین کے لیے ایک مربوط اور آسان تجربہ فراہم کرنے کے لیے اتھارٹی کی کوششوں کا تسلسل ہے جو ضیوف الرحمن کے لیے مملکت کی دیکھ بھال کی عکاسی کرتا ہے اور حج و عمرہ کے زائرین کی خدمت میں مملکت کے ’’ وژن 2030 ‘‘ کے اہداف کو حاصل کرنے میں تعاون کرتا ہے۔

مزید خبریں