ریاض ۔ 3 ستمبر (اے پی پی) سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح دنیا کی بڑی تیل کمپنی آرامکو کے چئیرمین کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے اور ان کی جگہ سرکاری سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ یاسرالرمیان کو نیا چئیرمین مقرر کیا گیا ہے۔خالد الفالح نے ایک ٹویٹ میں ان کے تقرر کی اطلاع دی ہے اور لکھا ہے کہ” میں اپنے بھائی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے چئیرمین یاسر عثمان الرمیان کو سعودی آرامکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چئیرمین مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ان کا تقرر کمپنی کے حصص کی پہلی مرتبہ عوامی فروخت کے لیے پیشکش سے قبل اہم مرحلے پر کیا گیا ہے۔میں ان کی ہر مرحلے پر کامیابیوں کے لیے دعاگو ہوں۔یاسرالرمیان کے تقرر سے قبل حال ہی میں سعودی عرب نے صنعتوں اور قدرتی وسائل کی وزارت کو توانائی کی وزارت سے الگ کردیا ہے۔ خالد الفالح بدستور وزیر توانائی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے جبکہ بندر الخریف کو صنعتوں اور قدرتی وسائل کی نئی وزارت کا قلم دان سونپا گیا ہے۔