سعودی عرب ،کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول 2026 کے شیڈول کا اعلان ،3 ستمبر سے طائف میں شروع ہوگا

"سعودی عرب کے شعبہ کیمل سپورٹس نے کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا، جو 3 ستمبر سے طائف کے تاریخی کیمل سکوائر میں منعقد ہوگا۔”

ریاض ۔6اگست (اے پی پی):سعودی عرب کے شعبہ کیمل سپورٹس نے کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول 2026 کے شیڈول کا اعلان کیا ہے جو 3 ستمبر سے طائف کے تاریخی کیمل سکوائر میں منعقد ہو گا۔

ایس پی اے کے مطابق فیسٹیول میں 248 مقابلے ہوں گے اور اس کی مجموعی انعامی رقم 50 ملین ریال سے زیادہ ہے۔ اس ایونٹ میں جو گیارہ دن جاری رہے گا سعودی عرب اور بیرون مملکت سے اعلیٰ نسل کے اونٹوں کو اکھٹا کیا جائے گا جن کے مختلف زمروں میں مقابلے صبح اور شام کے سیشنز میں منعقد کیے جائیں گے۔ مردوں کے علاوہ خواتین کے لیے بھی مقابلے شامل ہیں۔فیسٹیول میں پہلی مرتبہ کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول کپ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے پر پانچ لاکھ ریال کا انعام دیا جائے گا۔ فیسٹیول نے اس سے قبل 2018 ،2019 اور 2024 میں چار گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے تھے۔ اس میں دنیا کی سب سے بڑی کیمل ریس اور دنیا کا سب سے بڑا روش اونٹ ماڈل شامل ہے۔