سعودی عرب ، دوسری سٹیم سیل تھراپی کانفرنس23 اکتوبر سے ریاض میں شروع ہو گی
سعودی عرب ، دوسری سٹیم سیل تھراپی کانفرنس23 اکتوبر سے ریاض میں شروع ہو گی

مزید خبریں
ریاض۔9اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب میں دوسری سٹیم سیل تھراپی کانفرنس23 اکتوبر سے ریاض میں شروع ہو گی،جو 24 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اردو نیوز کے مطابق ریاض کی الفیصل یونیورسٹی میں ’’سٹیم سیل تھراپی: اے پیراڈائم شفٹ اِن ٹریٹمنٹ اینڈ اِٹس رول اِن ریجنریٹیو میڈیسن‘‘کے عنوان سے منعقد ہونے والی دوسری کانفرنس میں محققین اور طبی ماہرین جائزہ لیں گے کہ خلیاتی اور جینیاتی علاج کو کس طرح طبی علاج میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کانفرنس میں محققین، ڈاکٹرز، ماہرین اور انوویٹرز شرکت کریں گے۔ سائنسی پروگرام میں سٹیم سیل بائیولوجی، جسم میں دوبارہ نشوونما کے طریقہ کار، خلیاتی علاج اور کلینیکل ٹرائلز شامل ہوں گے جن میں علاج کی حفاظت اور موثریت کے معیارات بھی زیرِ بحث آئیں گے۔ سیشنز میں جین تھراپی، سیل انجینئرنگ اور جین میں تبدیلی کی جدید ٹیکنالوجیز، جن میں کلسٹرڈ ریگولرلی انٹر سپیسڈ شارٹ پیلن ڈرومک ریپیٹس بھی شامل ہے، کا جائزہ لیا جائے گا۔ لائف سٹائل کے مطابق علاج اور جینومکس بھی کانفرنس کے اہم موضوعات میں شامل ہوں گے۔
ماہرین اس بات پر گفتگو کریں گے کہ جینیاتی معلومات کی مدد سے مریضوں کے لیے مناسب علاج کیسے تجویز کیا جا سکتا ہے۔ شرکا خلیاتی اور جینیاتی معلومات کا تجزیہ کرنے اور تحقیق و ترقی میں مدد کے لیے مصنوعی ذہانت اور بائیو انفارمیٹکس کے کردار کا بھی جائزہ لیں گے۔ کانفرنس میں سائنسی دریافتوں کو عملی علاج میں تبدیل کرنے کے طریقوں پر بات ہوگی جس میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، دانشورانہ ملکیت کا تحفظ، خلیاتی اور جینیاتی علاج کی تیاری اور بڑے پیمانے پر پیداوار بڑھانے کے امور شامل ہیں۔
الفیصل یونیورسٹی نے گزشتہ سال ستمبر میں ریاض میں پہلی بین الاقوامی سٹیم سیل تھراپی کانفرنس کی میزبانی کی تھی۔ اس کانفرنس کی سائنٹفک کمیٹی کی سربراہی کنگ عبداللہ انٹرنیشنل میڈیکل ریسرچ سینٹر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر پروفیسر احمد العسکری نے کی تھی۔ کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی عرب میں خلیاتی علاج کی مقامی تیاری میں پیشرفت ہو رہی ہے۔








