ریاض۔15فروری (اے پی پی):سعودی عرب بیٹری انرجی سٹوریج کے شعبے کی دس بڑی عالمی مارکیٹ میں شامل ہو گیا۔اردو نیوز کے مطابق توانائی ذخیرہ کرنے کے حوالے سے بیشہ پراجیکٹ کا شمار مشرق وسطی و افریقہ میں سب سے بڑے پراجیکٹ میں ہوتا ہے،بیشہ پراجیکٹ سے 2000 میگا واٹ فی گھنٹہ بجلی پیدا کی جائے گی۔
وزارت توانائی کے قومی منصوبے کے تحت مملکت میں 2030 تک محفوظ توانائی کے ذخائرکی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 48 گیگا واٹ فی گھنٹہ تک کیا جائے گا۔توانائی کے حوالے سے مملکت کا ہدف 2030 تک بجلی کی مجموعی پیداوار کا 50 فیصد حصہ قابل تجدید توانائی سے حاصل کرنا ہے۔
توانائی کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنی وود میکنزی کنسلٹننگ کی درجہ بندی کے مطابق مملکت کا شمار عالمی سطح پر تیزی سے فروغ پانے والی منڈیوں میں ہونے لگا ہے جن کے پاس توانائی کے ذخائر کی وسیع گنجائش ہے ۔سعودی عرب کا ہدف ہے کہ2025 تک توانائی سٹوریج کی صلاحیت کو 8 گیگا واٹ فی گھنٹہ اور 2026 میں یہ صلاحیت 22 گیگا واٹ تک پہنچانے کا ہے۔