جدہ ۔6جولائی (اے پی پی):سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) کی نگراں ٹیموں نے جون 2024 میں وزارت داخلہ کے تعاون سے ایئرپورٹ کی نگرانی مہم کے دوران 1100 خلاف ورزیاں کرنے والوں کو گرفتار کیا ہے۔ایس پی اےکے مطابق اتھارٹی نے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بغیر لائسنس اپنی گاڑی سے مسافروں کو لے جانے پر 1100 خلاف ورزیاں کرنے والوں کو گرفتار کرکے ان پر جرمانے عائد کردیے گئے ہیں۔
اتھارٹی نے نجی کار مالکان سے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ آن لائن ٹیکسی سروس کی کمپنیوں میں اپنا رجسٹریشن کرا لیں جس کے بعد وہ مختلف مراعات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ٹی جی اے نے کہا کہ لائسنس کے بغیر ایئرپورٹ پر مسافروں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر 5 ہزار ریال کا جرمانہ اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑی بھی ضبط کی جاتی ہے۔اتھارٹی نے کہا کہ تمام مسافروں کو محفوظ اور اعلی معیار کی ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ مہم جاری ہے۔