ریاض ۔22جنوری (اے پی پی):سعودی عرب میں دنیا کے سب سے بڑے نخلستان الاحسا ء میں کھجوروں کا نواں سالانہ میلہ شروع ہو گیا۔ اردو نیوز کے مطابق الاحسا کے اس میلے میں خلیج کے 3 ممالک قطر، امارات اور سلطنت عمان کے شہری ہر سال بڑی تعداد میں آتے ہیں جس سے الاحساء سیاحت کا اہم مرکز بن گیا ہے۔ہاں 50 سے زیادہ فیکٹریاں کھجوروں کی صنعت میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
الاحساء میں کھجوروں سے خوشبویات بھی تیار کی جارہی ہیں جبکہ کھجوروں سے صحت مشروبات اور شوگر کی گولیاں بھی تیار کی جا رہی ہیں۔ میلے کے نگران اعلی عصام الملا نے بتایا کہ میلے نے کھجوروں کے صنعتکاروں میں مثبت انداز میں مسابقت کا ماحول پیدا کیا ہے اس کا نتیجہ کھجوروں کی پیداوار کی مقدار اور معیار اور امدادی صنعتوں کے قیام کی صورت میں برآمد ہوا ہے۔عصام الملا نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ ہر میلہ دوسرے میلے سے زیادہ مقبول ہورہا ہے اور سیاح بھی کثیر تعداد میں آنے لگے ہیں۔
کھجور میلے میں الاحساء میں رائج 40 دستی مصنوعات کو بھی پذیرائی مل رہی ہے۔ میلے کی سرگرمیوں میں ایک کچن کارنربھی ہے جس کے ذریعے یہاں آنے والوں کو تاریخی پکوانوں سے آگاہ کیا جاتا ہے اور روزانہ ایک شیف وہ پکوان تیار کرکے شائقین کو پیش کرتا ہے۔