سعودی عرب میں کھجور کی فصل کی کٹائی کی مہم شروع

سعودی نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس نے مملکت میں کھجور کی فصل کی کٹائی کی مہم شروع کر دی ۔

ریاض۔22جون (اے پی پی):سعودی نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس نے مملکت میں کھجور کی فصل کی کٹائی کی مہم شروع کر دی ۔ اردو نیوز کے مطابق نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل احمد العیادہ نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام تمام خطوں میں ابتدائی اور مڈ سیزن کے سیزنل کیلنڈر کو نمایاں اور مارکیٹنگ کو سپورٹ کرنے کے ساتھ اکنامک ویلیو اور قومی معیشت میں شراکت کو بڑھاتا ہے۔ اس کا مقصد ابتدائی سیزن میں مقامی کھجوروں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا، مارکیٹوں کو دستیاب اقسام کے ساتھ جوڑنا، زرعی سیاحت کو سپورٹ کرنا، مارکیٹ ویلیو اور متعلقہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم فصل کی کٹائی کی ٹائمنگ اور علاقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرتی ہے، سعودی کھجور کی اقسام کو فروغ دیتی ہے۔

کسانوں اور تجارت کو سپورٹ دینے کے لیے مقامی استعمال کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ کھجور کی فصل کا سیزن مئی کے آخر سے ستمبر تک ریاض، الاحسا، مدینہ، قصیم، حائل اور الجوف میں جاری رہتا ہے۔ کھجورں کی اہم اقسام میں السکری، الصقعی، روثانا، الخلاص اور البرجی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں نجران کی مارکیٹ میں ابتدائی فصل کی آمد کے ساتھ سرگرمی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جو کسانوں کی سپورٹ اور مقامی ڈیمانڈ کو پورا کرنے میں معاون ہے۔ یہ وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت کی طرف سے پیداواری کارکردگی کو بہتر بنانے، فصلوں کے معیار کو بڑھانے اور کیڑوں کے سدباب کے لیے تکنیکی مدد کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ یہ فصل، ریٹیلرز، ٹریڈرز، پیکیجنگ اور ٹرانسپورٹ میں کام کرنے والوں کے لیے معاشی فوائد کے ساتھ سیزنل ایمپلائمنٹ کے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔