سعودی عرب کا کورونا بحران پر جی20 کا ہنگامی اجلاس بلانے کا اعلان

ریاض ۔ 18 مارچ (اے پی پی) سعودی عرب نے کورونا وائرس کی وباء کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظرجی 20 ممالک کا ہنگامی سربراہ اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، رواں سال جی 20 اجلاس کی صدارت کی ذمہ داریوں کو سامنے رکھتے ہوئے جی 20 اجلاس کے تمام ارکان سے رابطے میں ہیں۔ اس ضمن میں سعودی عرب دیگر تمام ارکان کے ساتھ مل کر کرونا وائرس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران کے حل کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جی 20 کورونا کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ عالم وباء کو کنٹرول کرنے کے لیے جی ٹونٹی ممالک کو متفقہ پالیسیاں اور اقدامات کرنا ہوں گے۔