سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں آئندہ جمعہ تک بارش کا امکان

سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں آئندہ جمعے تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بیان میں بتایا کہ سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

ریاض۔20اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں آئندہ جمعے تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بیان میں بتایا کہ سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق مکہ مکرمہ اور ریاض ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کا امکان ہے ۔ مدینہ منورہ، حائل، قصیم، الشرقیہ، حدود الشمالیہ، تبوک، الجوف، الباحہ، عسیر، جازان اور نجران ریجن کے علاقے بھی بارش سے متاثر ہوں گے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور محفوظ مقامات تک محدود رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شہری سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے اور سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل درآمد کیا جائے۔ دوسری جانب محکمہ تعلیم الشرقیہ، حائل اور قصیم نے موسم کی غیر یقینی صورتحال کے باعث 20 اپریل کو سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکولوں میں تعلیم مدرستی پورٹل کے ذریعے ہو گی اور اساتذہ اور عملہ آن لائن ڈیوٹی دے گا۔