اسلام آباد ۔ 7ستمبر (اے پی پی) سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دیرینہ دوستی اور اخوت کے جس رشتے میں بندھے ہیں اس پر دونوں ملکوں اور عوام کو فخر ہے‘ سعودی عرب نے پاکستان کی ترقی‘ خوشحالی سلامتی اور استحکام کیلئے ہر ممکن تعاون کیا ہے اور نئی حکومت کے ساتھ بھی ان تعلقات کا فروغ …
سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد کی سعودی سفیر کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں غیر رسمی گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 7ستمبر (اے پی پی) سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دیرینہ دوستی اور اخوت کے جس رشتے میں بندھے ہیں اس پر دونوں ملکوں اور عوام کو فخر ہے‘ سعودی عرب نے پاکستان کی ترقی‘ خوشحالی سلامتی اور استحکام کیلئے ہر ممکن تعاون کیا ہے اور نئی حکومت کے ساتھ بھی ان تعلقات کا فروغ جاری رہے گا‘ دونوں ممالک کا میڈیا دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور آنے والے وقتوں میں میڈیا کے شعبے کے حوالے سے مزید پیشرفت ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی رہائش گاہ پر دیئے گئے عشائیہ میں غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔ ایک سول کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے اور وہ پاکستان میں سعودی عرب کے لیے پائے جانیوالی گرمجوشی پر حکومت اور عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میڈیا کے علاوہ تجارت اور معاشی ترقی کے شعبوں میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور سعودی وزیر تجارت کا حالیہ دورہ پاکستان اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں سعودی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے تمام ادارے دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ان کے اس دورے کے دوران میڈیا کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مزید امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گااور انہیں یقین ہے کہ پاکستانی میڈیا اس حوالے سے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں سیاسی سماجی اور معاشی اصلاحات کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے اس کے نتیجے میں سعودی عرب کی قیادت کا وژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر سعودی وزیر اطلاعات نے پاکستان حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








