سعودی عرب گلوبل سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی سمٹ کی میزبانی کرے گا

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی وزارت داخلہ18 دسمبر سے 3 روزہ گلوبل سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی سمٹ (جی ایس ٹی ایس) کا انعقاد کرے گی۔

ریاض۔12جون (اے پی پی):سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی وزارت داخلہ18 دسمبر سے 3 روزہ گلوبل سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی سمٹ (جی ایس ٹی ایس) کا انعقاد کرے گی۔ اردو نیوز کے مطابق طویق اکیڈمی کے تعاون سے یہ سمٹ 18 تا 20 دسمبر 2026 کو ریاض میں ہو گی، جس میں دنیا بھر سے سکیورٹی، ٹیکنالوجی اور جدت کے ماہرین اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔ وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے سمٹ کی سرپرستی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام داخلی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے، قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سکیورٹی شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار ہے۔ سمٹ میں خصوصی پروگرام، نالج سیشن اور ٹیکنیکل ورکشاپس ہوں گی، جو سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، سمارٹ سرویلنس ٹیکنالوجی اور کرائسز مینجمنٹ کو کور کریں گی، جس میں سرکاری اداروں ،نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کو اکھٹا کیا جائے گا۔

سمٹ بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے، بہترین عملی تجربات کے تبادلے اور شرکا کو سکیورٹی و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ابھرتے مواقع اور مستقبل کی تبدیلیوں سے آگاہ کرنے میں مدد دے گی جس سے آپریشنل صلاحیت اور قومی کامیابیوں کے تحفظ کو بھی تقویت ملے گی۔ ایجنڈے میں ’’سیف انٹرنیشنل سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی انوویشن مقابلہ (ایس اے آئی آئی ایف) شامل ہے، جو سکیورٹی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ مقابلہ 19 تا 21 نومبر 2026 کو ریاض میں ہو گا۔ سائبر سکیورٹی کے شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پانچ ملین ریال کے انعامات شامل ہیں جس کا مقصد شرکا کے درمیان مثبت مسابقت کو فروغ دینا اور مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید تکنیکی حل کی تیاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔