پشاور کےگورنمنٹ شہید اسامہ بہار اعوان ہائی سکول نانک پورہ میں سالانہ انعامات تقسیم تقریب منعقد کیا گیا ۔
پشاور ،گورنمنٹ شہید اسامہ بہار اعوان ہائی سکول نانک پورہ میں سالانہ انعامات تقسیم تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):پشاور کےگورنمنٹ شہید اسامہ بہار اعوان ہائی سکول نانک پورہ میں سالانہ انعامات تقسیم تقریب منعقد کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کی دفتر سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی ہدایت پر تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ذیشان نجیب اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت الرحمان نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران، سکول کے پرنسپل، اساتذہ کرام، طلبہ، والدین اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب کے دوران تعلیمی، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں ٹرافیاں، اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کیے گئے۔ مہمانانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی ذیشان نجیب نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پشاور کی خصوصی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ مثبت، تعمیری اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کا مؤثر سرمایہ بن سکیں ۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کامیابی مسلسل محنت، نظم و ضبط اور اساتذہ و والدین کے احترام سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں، مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اپنے کردار و اخلاق کو بہترین بنائیں تاکہ وہ معاشرے کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔
مہمانانِ خصوصی نے اساتذہ کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور نوجوان نسل کی بہترین تربیت ہی ایک روشن اور مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔تقریب کے اختتام پر سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی، معیاری تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔








