امریکی صدر کا ایران پر حملوں کی منسوخی اور ممکنہ امن معاہدے کا اعلان، عالمی سٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملوں کی منسوخی اور ممکنہ امن معاہدے کے اعلان کے بعد عالمی سٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

نیویارک۔12جون (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملوں کی منسوخی اور ممکنہ امن معاہدے کے اعلان کے بعد عالمی سٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ الجزیرہ کے مطابق وال سٹریٹ میں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں کسی ایک دن میں اپریل کے بعد سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نسدک کمپوزٹ انڈیکس میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح ڈو جونز انڈسٹریل ایوریج انڈیکس میں بھی 1.9 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور ممکنہ سفارتی پیش رفت کی خبروں نے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا جس کے باعث حصص بازاروں میں تیزی دیکھی گئی۔ ایشیا پیسیفک مارکیٹس میں بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا جہاں جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان، ہانگ کانگ اور آسٹریلیا کی مارکیٹس میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جنوبی کوریا کا انڈیکس KOSPI صبح کی ٹریڈنگ میں 8 فیصد سے زائد بڑھ گیا جبکہ جاپان کا نکی 225 انڈیکس4 فیصد تک اوپر گیا۔

تائیوان کا TAIEX تقریباً 2.4 فیصد اور آسٹریلیا کا اے ایس ایکس 200 انڈیکس1.8 فیصد تک بڑھا جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس ایک فیصد سے زائد اوپر رہا۔دوسری جانب عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ برینٹ کروڈ تقریباً ایک فیصد کمی کے بعد 89.50 ڈالر فی بیرل پر آ گیا کیونکہ سرمایہ کاروں کو آبنائے ہرمز میں معمول کی صورتحال بحال ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے، جو عالمی توانائی ترسیل کا اہم راستہ ہے۔ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کا ایک بڑا معاہدہ طے پا گیا ہے اور دستاویزات کی حتمی منظوری کے بعد اس پر جلد دستخط ہو سکتے ہیں۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکا کے ساتھ ایک معاہدہ زیر غور ہے۔ماہرین کے مطابق اگر معاہدے پر عملی پیش رفت اور آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی نہ ہوئی تو مارکیٹ میں یہ تیزی عارضی بھی ثابت ہو سکتی ہے۔