پاکستانی فری لانسرز کی آمدنی میں نمایاں اضافہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، رانا مشہود احمد خاں

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ اقتصادی سروے 26-2025میں پاکستانی فری لانسرز کی آمدنی میں نمایاں اضافہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ اقتصادی سروے 26-2025میں پاکستانی فری لانسرز کی آمدنی میں نمایاں اضافہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، فری لانسرز کی سالانہ آمدنی کا 642 ملین ڈالر سے بڑھ کر 959 ملین ڈالر تک پہنچنا قومی معیشت کے لیے انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ڈیجیٹل معیشت میں اپنی مہارتوں کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، وزیراعظم کے وژن کے تحت نوجوانوں کو جدید آئی ٹی تربیت اور ڈیجیٹل ہنر فراہم کرنے کے اقدامات کامیاب ثابت ہو رہے ہیں، فری لانسنگ کے شعبے میں اضافہ قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی مارکیٹ تک رسائی کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے مختلف پروگرامز اور تربیتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے،فری لانسنگ اور آئی ٹی ایکسپورٹس کے شعبے میں ترقی پاکستان کی معاشی استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ نوجوان ملک کے روشن ڈیجیٹل مستقبل کی ضمانت ہیں اور حکومت ان کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔