محکمہ ایکسائز اینٹی نارکاٹکس فورس نے پاک بحریہ کے تعاون سے ضلع حب کے ساحلی علاقے گڈانی میں انٹیلی جینس بیسڈ مشترکہ کارروائی میں شراب سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
محکمہ انسدادِ منشیات بلوچستان سائوتھ زون کی کارروائی،گڈانی میں شراب سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 12 جون (اے پی پی):محکمہ ایکسائز اینٹی نارکاٹکس فورس نے پاک بحریہ کے تعاون سے ضلع حب کے ساحلی علاقے گڈانی میں انٹیلی جینس بیسڈ مشترکہ کارروائی میں شراب سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ترجمان محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن کے مطابق اس کارروائی کے دوران 3,717 غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد کر لی گئیں جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے، ضبط شدہ سامان کے حوالے سے قانونی و تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل محمد زمان کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی محکمہ ایکسائز ساتھ زون کی حالیہ مسلسل، موثر اور نتیجہ خیز کارروائیوں کا تسلسل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں بھی محکمہ ایکسائز نے پاک بحریہ کے تعاون سے 425 کلوگرام آئس، 20 کلوگرام چرس اور 5,076 بوتلیں غیر ملکی شراب و بیئر برآمد کر کے تقریبا 31 ارب روپے مالیت کی منشیات اور ممنوعہ اشیا ضبط کی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ایکسائز نے تین ماہ کے دوران 25 ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کیں اور 10 ہزار سے زائد شراب و بیئر کی بوتلیں قبضے میں لے کر بین الاقوامی سمگلنگ نیٹ ورکس کو شدید مالی نقصان پہنچایا۔ڈی جی ایکسائز نے کہا کہ محکمہ ایکسائز بلوچستان نہ صرف منشیات اور شراب سمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ پوست کی کاشت کے خاتمے، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون، ٹیکس نیٹ کے فروغ اور حکومتی محصولات میں اضافے کے لیے بھی موثر اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلی ٰبلوچستان، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات ظفر علی بخاری کی انتھک کاوشوں، خصوصی ہدایات اور موثر حکمتِ عملی کی روشنی میں بلوچستان کو منشیات سے پاک بنانے، قومی سرحدوں کے تحفظ، نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر قومی اداروں کے ساتھ مل کر بلاامتیاز، بھرپور اور مثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔








