سعودی لو بجٹ ایئرلائن فلائی ناس کا ازبکستان میں نئے دفتر کا افتتاح

121
Fly Nas
Fly Nas

تاشقند ۔20فروری (اے پی پی):سعودی عرب کی لو بجٹ ( کم نرخ )ایئرلائن فلائی ناس نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں نئے آفس کا افتتاح کردیا۔عاجل نیوز کے مطابق اس موقع پر سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ ، ازبکستان میں سعودی سفیر یوسف بن صالح القھرہ اور ازبکستان کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ بھی موجود تھے۔ یہ اقدام عمرہ و حج سیزن کے حوالے سے بین الاقوامی نیٹ ورک کو وسیع کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

فلائی ناس 2022 سے جدہ سے تاشقند کے لیے اپنی ہفتہ وار 5 پروازیں چلا رہی ہے،اس کے علاوہ ازبکستان کے تیسرے سب سے بڑے شہر نمنکان کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں بھی جاری ہیں۔فلائی ناس مملکت سے وسطی ایشیا کے لیے براہ راست پروازیں چلانے والی سب سے بڑی سعودی ایئرلائن ہے جس کے مقامات میں قازخستان میں الماتا، بشکیک اورکرغزستان میں اوش شہر شامل ہیں۔

سعودی ایوی ایشن کی حکمت عملی قومی فضائی کمپنی کو 250 بین الاقوامی مقامات کو مملکت سے جوڑنے کے ساتھ 2030 تک 330 ملین مسافروں تک پہنچنے اور سالانہ 100 ملین سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد دے گی۔