سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ان کے مالدیپ کے ہم منصب حسن رشید نے جدہ میں ملاقات کی،
سعودی وزیر دفاع سے مالدیپ کے ہم منصب کی ملاقات، دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
ریاض۔1جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ان کے مالدیپ کے ہم منصب حسن رشید نے جدہ میں ملاقات کی،جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ العربیہ اردو کے مطابق ملاقات میں خطے کی سکیورٹی اور استحکام پر اثر انداز ہونے والی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سعودی عرب اور مالدیپ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں اور دفاعی شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پر بات چیت کی گئی جس سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو تقویت ملے اور مشترکہ مفادات کا تحفظ ہو سکے۔ دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔









