کنمنگ۔25جولائی (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے سفارتی محاذپر تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی امن و استحکام کی اہمیت خوشحالی اور ترقی کےلئے ضروری پیش خیمہ ہے۔
جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے 22 سے 24 جولائی کو جنوب مغربی چین کے صوبہ یونینان کے دارالحکومت کنمنگ کے دورہ کے دوران کیا۔ سفیر نے یہ دورہ یونیان کے صوبائی حکام کی دعوت پر آٹھویں چین۔ جنوبی ایشیا ایکسپو کے موقع پر کیا جس میں پاکستان کو اعزازی ملک کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ کنمنگ میں اپنے قیام کے دوران سفیر خلیل ہاشمی نے 5 ویں چین-جنوبی ایشیا تعاون فورم سمیت مختلف اہم فورمز پر خطاب کیا جن میں 17 واں چین-جنوبی ایشیا بزنس فورم اور چین-جنوبی ایشیا کی حکومت، صنعت، اکیڈمیا اور تحقیقی تعاون کی تقریب شامل تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے صوبہ یونینان کی سیاسی قیادت سے بات چیت کی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور کاروباری اداروں کے ساتھ اور میڈیا پلیٹ فارمز سے منسلک اداروں کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔
چائنا سائوتھ ایشیا ایکسپو میں پاکستان پویلین کا افتتاح کرتے ہوئے سفیر نے ایف پی سی سی آئی، کے سی سی آئی اور 180 تاجروں کی موجودگی کے ساتھ اس سال کی ایکسپو میں پاکستان کی نمایاں شرکت پر روشنی ڈالی۔
سفیر نے علاقائی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اس طرح کے پلیٹ فارمز کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے حاضرین کو پاک چین تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی بلندی کی طرف گامزن ہونے اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورے کے مثبت اثرات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے پاکستان پویلین کا بھی دورہ کیا اور شرکت کرنے والے کاروباری اداروں کے بوتھس کا دورہ کیا۔ اپنی تقاریر کے دوران سفیر نے علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام پر پاکستان کے موقف پر زور دیا۔ انہوں نے چین کے ساتھ بشمول چین پاکستان اقتصادی تعاون (سی پیک) کے تحت شراکت داری کی مضبوطی،درپیش علاقائی اور بین الاقوامی ماحول کے باوجود کثیر جہتی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سفیر نے سفارتی محاذپر تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور علاقائی امن و استحکام کی اہمیت کو خوشحالی اور ترقی کے لیے ضروری پیش خیمہ قرار دیا۔ پاکستانی سفیر نے صوبہ یونینان میں سیاسی قیادت، کاروباری اداروں، تعلیمی اداروں اور میڈیا سمیت مختلف شراکت دار مقررین سے بھی بات چیت کی۔ سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان اور چین کے باہمی فائدے کے لیے عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے بارے میں بات چیت کی۔